2
بےدینی کا آدمی
بھائیو، یہ سوال اُٹھا ہے کہ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کی آمد کیسی ہو گی؟ ہم کس طرح اُس کے ساتھ جمع ہو جائیں گے؟ اِس ناتے سے ہماری آپ سے درخواست ہے کہ جب لوگ کہتے ہیں کہ خداوند کا دن آ چکا ہے تو آپ جلدی سے بےچین یا پریشان نہ ہو جائیں۔ اُن کی بات نہ مانیں، چاہے وہ یہ دعویٰ بھی کریں کہ اُن کے پاس ہماری طرف سے کوئی نبوّت، پیغام یا خط ہے۔ کوئی بھی آپ کو کسی بھی چال سے فریب نہ دے، کیونکہ یہ دن اُس وقت تک نہیں آئے گا جب تک آخری بغاوت پیش نہ آئے اور ”بےدینی کا آدمی“ ظاہر نہ ہو جائے، وہ جس کا انجام ہلاکت ہو گا۔ وہ ہر ایک کی مخالفت کرے گا جو خدا اور معبود کہلاتا ہے اور اپنے آپ کو اُن سب سے بڑا ٹھہرائے گا۔ ہاں، وہ اللہ کے گھر میں بیٹھ کر اعلان کرے گا، ”مَیں اللہ ہوں۔“
کیا آپ کو یاد نہیں کہ مَیں آپ کو یہ بتاتا رہا جب ابھی آپ کے پاس تھا؟ اور اب آپ جانتے ہیں کہ کیا کچھ اُسے روک رہا ہے تاکہ وہ اپنے مقررہ وقت پر ظاہر ہو جائے۔ کیونکہ یہ پُراسرار بےدینی اب بھی اثر کر رہی ہے۔ لیکن یہ اُس وقت تک ظاہر نہیں ہو گی جب تک وہ شخص ہٹ نہ جائے جو اب تک اُسے روک رہا ہے۔ پھر ہی ”بےدینی کا آدمی“ ظاہر ہو گا۔ لیکن جب خداوند عیسیٰ آئے گا تو وہ اُسے اپنے منہ کی پھونک سے مار ڈالے گا، ظاہر ہونے پر ہی وہ اُسے ہلاک کر دے گا۔ ”بےدینی کے آدمی“ میں ابلیس کام کرے گا۔ جب وہ آئے گا تو ہر قسم کی طاقت کا اظہار کرے گا۔ وہ جھوٹے نشان اور معجزے پیش کرے گا۔ 10 یوں وہ اُنہیں ہر طرح کے شریر فریب میں پھنسائے گا جو ہلاک ہونے والے ہیں۔ لوگ اِس لئے ہلاک ہو جائیں گے کہ اُنہوں نے سچائی سے محبت کرنے سے انکار کیا، ورنہ وہ بچ جاتے۔ 11 اِس وجہ سے اللہ اُنہیں بُری طرح سے فریب میں پھنسنے دیتا ہے تاکہ وہ اِس جھوٹ پر ایمان لائیں۔ 12 نتیجے میں سب جو سچائی پر ایمان نہ لائے بلکہ ناراستی سے لطف اندوز ہوئے مجرم ٹھہریں گے۔
آپ کو نجات کے لئے چن لیا گیا ہے
13 میرے بھائیو، واجب ہے کہ ہم ہر وقت آپ کے لئے خدا کا شکر کریں جنہیں خداوند پیار کرتا ہے۔ کیونکہ اللہ نے آپ کو شروع ہی سے نجات پانے کے لئے چن لیا، ایسی نجات کے لئے جو روح القدس سے پاکیزگی پا کر سچائی پر ایمان لانے سے حاصل ہوتی ہے۔ 14 اللہ نے آپ کو اُس وقت یہ نجات پانے کے لئے بُلا لیا جب ہم نے آپ کو اُس کی خوش خبری سنائی۔ اور اب آپ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے جلال میں شریک ہو سکتے ہیں۔ 15 بھائیو، اِس لئے ثابت قدم رہیں اور اُن روایات کو تھامے رکھیں جو ہم نے آپ کو سکھائی ہیں، خواہ زبانی یا خط کے ذریعے۔
16 ہمارا خداوند عیسیٰ مسیح خود اور خدا ہمارا باپ جس نے ہم سے محبت رکھی اور اپنے فضل سے ہمیں ابدی تسلی اور ٹھوس اُمید بخشی 17 آپ کی حوصلہ افزائی کرے اور یوں مضبوط کرے کہ آپ ہمیشہ وہ کچھ بولیں اور کریں جو اچھا ہے۔