12
بچے کی پیدائش کے بعد ماں پر پابندیاں
1 رب نے موسیٰ سے کہا، 2 ”اسرائیلیوں کو بتا کہ جب کسی عورت کے لڑکا پیدا ہو تو وہ ماہواری کے ایام کی طرح سات دن تک ناپاک رہے گی۔ 3 آٹھویں دن لڑکے کا ختنہ کروانا ہے۔ 4 پھر ماں مزید 33 دن انتظار کرے۔ اِس کے بعد اُس کی وہ ناپاکی دُور ہو جائے گی جو خون بہنے سے پیدا ہوئی ہے۔ اِس دوران وہ کوئی مخصوص اور مُقدّس چیز نہ چھوئے، نہ مقدِس کے پاس جائے۔
5 اگر اُس کے لڑکی پیدا ہو جائے تو وہ ماہواری کے ایام کی طرح ناپاک ہے۔ یہ ناپاکی 14 دن تک رہے گی۔ پھر وہ مزید 66 دن انتظار کرے۔ اِس کے بعد اُس کی وہ ناپاکی دُور ہو جائے گی جو خون بہنے سے پیدا ہوئی ہے۔
6 جب لڑکے یا لڑکی کے سلسلے میں یہ دن گزر جائیں تو وہ ملاقات کے خیمے کے دروازے پر امام کو ذیل کی چیزیں دے: بھسم ہونے والی قربانی کے لئے ایک یک سالہ بھیڑ کا بچہ اور گناہ کی قربانی کے لئے ایک جوان کبوتر یا قمری۔ 7 امام یہ جانور رب کو پیش کر کے اُس کا کفارہ دے۔ پھر خون بہنے کے باعث پیدا ہونے والی ناپاکی دُور ہو جائے گی۔ اصول ایک ہی ہے، چاہے لڑکا ہو یا لڑکی۔
8 اگر وہ غربت کے باعث بھیڑ کا بچہ نہ دے سکے تو پھر وہ دو قمریاں یا دو جوان کبوتر لے آئے، ایک بھسم ہونے والی قربانی کے لئے اور دوسرا گناہ کی قربانی کے لئے۔ یوں امام اُس کا کفارہ دے اور وہ پاک ہو جائے گی۔“