4
قربان گاہ اور سمندر نامی حوض
سلیمان نے پیتل کی ایک قربان گاہ بھی بنوائی جس کی لمبائی 30 فٹ، چوڑائی 30 فٹ اور اونچائی 15 فٹ تھی۔
اِس کے بعد اُس نے پیتل کا بڑا گول حوض ڈھلوایا جس کا نام ’سمندر‘ رکھا گیا۔ اُس کی اونچائی ساڑھے 7 فٹ، اُس کا منہ 15 فٹ چوڑا اور اُس کا گھیرا تقریباً 45 فٹ تھا۔ حوض کے کنارے کے نیچے بَیلوں کی دو قطاریں تھیں۔ فی فٹ تقریباً 6 بَیل تھے۔ بَیل اور حوض مل کر ڈھالے گئے تھے۔ حوض کو بَیلوں کے 12 مجسموں پر رکھا گیا۔ تین بَیلوں کا رُخ شمال کی طرف، تین کا رُخ مغرب کی طرف، تین کا رُخ جنوب کی طرف اور تین کا رُخ مشرق کی طرف تھا۔ اُن کے پچھلے حصے حوض کی طرف تھے، اور حوض اُن کے کندھوں پر پڑا تھا۔ حوض کا کنارہ پیالے بلکہ سوسن کے پھول کی طرح باہر کی طرف مُڑا ہوا تھا۔ اُس کی دیوار تقریباً تین انچ موٹی تھی، اور حوض میں پانی کے تقریباً 66,000 لٹر سما جاتے تھے۔
سلیمان نے 10 باسن ڈھلوائے۔ پانچ کو رب کے گھر کے دائیں ہاتھ اور پانچ کو اُس کے بائیں ہاتھ کھڑا کیا گیا۔ اِن باسنوں میں گوشت کے وہ ٹکڑے دھوئے جاتے جنہیں بھسم ہونے والی قربانی کے طور پر جلانا تھا۔ لیکن ’سمندر‘ نامی حوض اماموں کے استعمال کے لئے تھا۔ اُس میں وہ نہاتے تھے۔
سونے کے شمع دان اور میزیں
سلیمان نے سونے کے 10 شمع دان مقررہ تفصیلات کے مطابق بنوا کر رب کے گھر میں رکھ دیئے، پانچ کو دائیں طرف اور پانچ کو بائیں طرف۔ دس میزیں بھی بنا کر رب کے گھر میں رکھی گئیں، پانچ کو دائیں طرف اور پانچ کو بائیں طرف۔ اِن چیزوں کے علاوہ سلیمان نے چھڑکاؤ کے سونے کے 100 کٹورے بنوائے۔
صحن
پھر سلیمان نے وہ اندرونی صحن بنوایا جس میں صرف اماموں کو داخل ہونے کی اجازت تھی۔ اُس نے بڑا صحن بھی اُس کے دروازوں سمیت بنوایا۔ دروازوں کے کواڑوں پر پیتل چڑھایا گیا۔ 10 ’سمندر‘ نامی حوض کو صحن کے جنوب مشرق میں رکھا گیا۔
اُس سامان کی فہرست جو حیرام نے تیار کیا
11 حیرام نے باسن، بیلچے اور چھڑکاؤ کے کٹورے بھی بنائے۔ یوں اُس نے اللہ کے گھر میں وہ سارا کام مکمل کیا جس کے لئے سلیمان بادشاہ نے اُسے بُلایا تھا۔ اُس نے ذیل کی چیزیں بنائیں:
12 دو ستون،
ستونوں پر لگے پیالہ نما بالائی حصے،
بالائی حصوں پر لگی زنجیروں کا ڈیزائن،
13 زنجیروں کے اوپر لگے انار (فی بالائی حصہ 200 عدد)،
14 ہتھ گاڑیاں،
اِن پر کے پانی کے باسن،
15 حوض بنام سمندر،
اِسے اُٹھانے والے بَیل کے 12 مجسمے،
16 بالٹیاں، بیلچے، گوشت کے کانٹے۔
تمام سامان جو حیرام ابی نے سلیمان کے حکم پر رب کے گھر کے لئے بنایا پیتل سے ڈھال کر پالش کیا گیا تھا۔ 17 بادشاہ نے اُسے وادیٔ یردن میں سُکات اور ضرتان کے درمیان ڈھلوایا۔ وہاں ایک فونڈری تھی جہاں حیرام نے گارے سے سانچے بنا کر ہر چیز ڈھال دی۔ 18 اِس سامان کے لئے سلیمان بادشاہ نے اِتنا زیادہ پیتل استعمال کیا کہ اُس کا کُل وزن معلوم نہ ہو سکا۔
رب کے گھر کے اندر سونے کا سامان
19 اللہ کے گھر کے اندر کے لئے سلیمان نے درجِ ذیل سامان بنوایا:
سونے کی قربان گاہ،
سونے کی وہ میزیں جن پر رب کے لئے مخصوص روٹیاں پڑی رہتی تھیں،
20 خالص سونے کے وہ شمع دان اور چراغ جن کو قواعد کے مطابق مُقدّس ترین کمرے کے سامنے جلنا تھا،
21 خالص سونے کے وہ پھول جن سے شمع دان آراستہ تھے،
خالص سونے کے چراغ اور بتی کو بجھانے کے اوزار،
22 چراغ کو کترنے کے خالص سونے کے اوزار، چھڑکاؤ کے خالص سونے کے کٹورے اور پیالے،
جلتے ہوئے کوئلے کے لئے خالص سونے کے برتن،
مُقدّس ترین کمرے اور بڑے ہال کے دروازے۔