33
موسیٰ قبیلوں کو برکت دیتا ہے
1 مرنے سے پیشتر مردِ خدا موسیٰ نے اسرائیلیوں کو برکت دے کر 2 کہا،
”رب سینا سے آیا، سعیر* سعیر: ادوم۔ سے اُس کا نور اُن پر طلوع ہوا۔ وہ کوہِ فاران سے روشنی پھیلا کر رِببوت قادس سے آیا، وہ اپنے جنوبی علاقے سے روانہ ہو کر اُن کی خاطر پہاڑی ڈھلانوں کے پاس آیا۔
3 یقیناً وہ قوموں سے محبت کرتا ہے، تمام مُقدّسین تیرے ہاتھ میں ہیں۔ وہ تیرے پاؤں کے سامنے جھک کر تجھ سے ہدایت پاتے ہیں۔
4 موسیٰ نے ہمیں شریعت دی یعنی وہ چیز جو یعقوب کی جماعت کی موروثی ملکیت ہے۔
5 اسرائیل کے راہنما اپنے قبیلوں سمیت جمع ہوئے تو رب یسورون† یسورون: اسرائیل۔ کا بادشاہ بن گیا۔
6 روبن کی برکت:
روبن مر نہ جائے بلکہ جیتا رہے۔ وہ تعداد میں بڑھ جائے۔
7 یہوداہ کی برکت:
اے رب، یہوداہ کی پکار سن کر اُسے دوبارہ اُس کی قوم میں شامل کر۔ اُس کے ہاتھ اُس کے لئے لڑیں۔ مخالفوں کا سامنا کرتے وقت اُس کی مدد کر۔
8 لاوی کی برکت:
تیری مرضی معلوم کرنے کے قرعے بنام اُوریم اور تُمیم تیرے وفادار خادم لاوی کے پاس ہوتے ہیں۔ تُو نے اُسے مسّہ میں آزمایا اور مریبہ میں اُس سے لڑا۔ 9 اُس نے تیرا کلام سنبھال کر تیرا عہد قائم رکھا، یہاں تک کہ اُس نے نہ اپنے ماں باپ کا، نہ اپنے سگے بھائیوں یا بچوں کا لحاظ کیا۔
10 وہ یعقوب کو تیری ہدایات اور اسرائیل کو تیری شریعت سکھا کر تیرے سامنے بخور اور تیری قربان گاہ پر بھسم ہونے والی قربانیاں چڑھاتا ہے۔
11 اے رب، اُس کی طاقت کو بڑھا کر اُس کے ہاتھوں کا کام پسند کر۔ اُس کے مخالفوں کی کمر توڑ اور اُس سے نفرت رکھنے والوں کو ایسا مار کہ آئندہ کبھی نہ اُٹھیں۔
12 بن یمین کی برکت:
بن یمین رب کو پیارا ہے۔ وہ سلامتی سے اُس کے پاس رہتا ہے، کیونکہ رب دن رات اُسے پناہ دیتا ہے۔ بن یمین اُس کی پہاڑی ڈھلانوں کے درمیان محفوظ رہتا ہے۔
13 یوسف کی برکت:
رب اُس کی زمین کو برکت دے۔ آسمان سے قیمتی اوس ٹپکے اور زمین کے نیچے سے چشمے پھوٹ نکلیں۔
14 یوسف کو سورج کی بہترین پیداوار اور ہر مہینے کا لذیذترین پھل حاصل ہو۔
15 اُسے قدیم پہاڑوں اور ابدی وادیوں کی بہترین چیزوں سے نوازا جائے۔
16 زمین کے تمام ذخیرے اُس کے لئے کھل جائیں۔ وہ اُس کو پسند ہو جو جلتی ہوئی جھاڑی میں سکونت کرتا تھا۔ یہ تمام برکتیں یوسف کے سر پر ٹھہریں، اُس کے سر پر جو اپنے بھائیوں میں شہزادہ ہے۔
17 یوسف سانڈ کے پہلوٹھے جیسا عظیم ہے، اور اُس کے سینگ جنگلی بَیل کے سینگ ہیں جن سے وہ دنیا کی انتہا تک سب قوموں کو مارے گا۔ افرائیم کے بےشمار افراد ایسے ہی ہیں، منسّی کے ہزاروں افراد ایسے ہی ہیں۔
18 زبولون اور اِشکار کی برکت:
اے زبولون، گھر سے نکلتے وقت خوشی منا۔ اے اِشکار، اپنے خیموں میں رہتے ہوئے خوش ہو۔
19 وہ دیگر قوموں کو اپنے پہاڑ پر آنے کی دعوت دیں گے اور وہاں راستی کی قربانیاں پیش کریں گے۔ وہ سمندر کی کثرت اور سمندر کی ریت میں چھپے ہوئے خزانوں کو جذب کر لیں گے۔
20 جد کی برکت:
مبارک ہے وہ جو جد کا علاقہ وسیع کر دے۔ جد شیرببر کی طرح دبک کر کسی کا بازو یا سر پھاڑ ڈالنے کے لئے تیار رہتا ہے۔
21 اُس نے اپنے لئے سب سے اچھی زمین چن لی، راہنما کا حصہ اُسی کے لئے محفوظ رکھا گیا۔ جب قوم کے راہنما جمع ہوئے تو اُس نے رب کی راست مرضی پوری کی اور اسرائیل کے بارے میں اُس کے فیصلے عمل میں لایا۔
22 دان کی برکت:
دان شیرببر کا بچہ ہے جو بسن سے نکل کر چھلانگ لگاتا ہے۔
23 نفتالی کی برکت:
نفتالی رب کی منظوری سے سیر ہے، اُسے اُس کی پوری برکت حاصل ہے۔ وہ گلیل کی جھیل اور اُس کے جنوب کا علاقہ میراث میں پائے گا۔
24 آشر کی برکت:
آشر بیٹوں میں سب سے مبارک ہے۔ وہ اپنے بھائیوں کو پسند ہو۔ اُس کے پاس زیتون کا اِتنا تیل ہو کہ وہ اپنے پاؤں اُس میں ڈبو سکے۔
25 تیرے شہروں کے دروازوں کے کنڈے لوہے اور پیتل کے ہوں، تیری طاقت عمر بھر قائم رہے۔
26 یسورون‡ یسورون: اسرائیل۔ کے خدا کی مانند کوئی نہیں ہے، جو آسمان پر سوار ہو کر، ہاں اپنے جلال میں بادلوں پر بیٹھ کر تیری مدد کرنے کے لئے آتا ہے۔
27 ازلی خدا تیری پناہ گاہ ہے، وہ اپنے ازلی بازو تیرے نیچے پھیلائے رکھتا ہے۔ وہ دشمن کو تیرے سامنے سے بھگا کر اُسے ہلاک کرنے کو کہتا ہے۔
28 چنانچہ اسرائیل سلامتی سے زندگی گزارے گا، یعقوب کا چشمہ الگ اور محفوظ رہے گا۔ اُس کی زمین اناج اور انگور کی کثرت پیدا کرے گی، اور اُس کے اوپر آسمان زمین پر اوس پڑنے دے گا۔
29 اے اسرائیل، تُو کتنا مبارک ہے۔ کون تیری مانند ہے، جسے رب نے بچایا ہے۔ وہ تیری مدد کی ڈھال اور تیری شان کی تلوار ہے۔ تیرے دشمن شکست کھا کر تیری خوشامد کریں گے، اور تُو اُن کی کمریں پاؤں تلے کچلے گا۔“