10
بُت پرست بیویوں کو طلاق
1 جب عزرا اِس طرح دعا کر رہا اور اللہ کے گھر کے سامنے پڑے ہوئے اور روتے ہوئے قوم کے قصور کا اقرار کر رہا تھا تو اُس کے ارد گرد اسرائیلی مردوں، عورتوں اور بچوں کا بڑا ہجوم جمع ہو گیا۔ وہ بھی پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔
2 پھر عیلام کے خاندان کے سکنیاہ بن یحی ایل نے عزرا سے کہا،
”واقعی ہم نے پڑوسی قوموں کی عورتوں سے شادی کر کے اپنے خدا سے بےوفائی کی ہے۔ توبھی اب تک اسرائیل کے لئے اُمید کی کرن باقی ہے۔ 3 آئیں، ہم اپنے خدا سے عہد باندھ کر وعدہ کریں کہ ہم اُن تمام عورتوں کو اُن کے بچوں سمیت واپس بھیج دیں گے۔ جو بھی مشورہ آپ اور اللہ کے احکام کا خوف ماننے والے دیگر لوگ ہمیں دیں گے وہ ہم کریں گے۔ سب کچھ شریعت کے مطابق کیا جائے۔ 4 اب اُٹھیں! کیونکہ یہ معاملہ درست کرنا آپ ہی کا فرض ہے۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں، اِس لئے حوصلہ رکھیں اور وہ کچھ کریں جو ضروری ہے۔“
5 تب عزرا اُٹھا اور راہنما اماموں، لاویوں اور تمام قوم کو قَسم کھلائی کہ ہم سکنیاہ کے مشورے پر عمل کریں گے۔ 6 پھر عزرا اللہ کے گھر کے سامنے سے چلا گیا اور یوحنان بن اِلیاسب کے کمرے میں داخل ہوا۔ وہاں اُس نے پوری رات کچھ کھائے پیئے بغیر گزاری۔ اب تک وہ جلاوطنی سے واپس آئے ہوئے لوگوں کی بےوفائی پر ماتم کر رہا تھا۔
7-8 سرکاری افسروں اور بزرگوں نے فیصلہ کیا کہ یروشلم اور پورے یہوداہ میں اعلان کیا جائے، ”لازم ہے کہ جتنے بھی اسرائیلی جلاوطنی سے واپس آئے ہیں وہ سب تین دن کے اندر اندر یروشلم میں جمع ہو جائیں۔ جو بھی اِس دوران حاضر نہ ہو اُسے جلاوطنوں کی جماعت سے خارج کر دیا جائے گا اور اُس کی تمام ملکیت ضبط ہو جائے گی۔“ 9 تب یہوداہ اور بن یمین کے قبیلوں کے تمام آدمی تین دن کے اندر اندر یروشلم پہنچے۔ نویں مہینے کے بیسویں دن* نویں مہینے کے بیسویں دن: 19 ستمبر۔ سب لوگ اللہ کے گھر کے صحن میں جمع ہوئے۔ سب معاملے کی سنجیدگی اور موسم کے سبب سے کانپ رہے تھے، کیونکہ بارش ہو رہی تھی۔
10 عزرا امام کھڑے ہو کر کہنے لگا، ”آپ اللہ سے بےوفا ہو گئے ہیں۔ غیریہودی عورتوں سے رشتہ باندھنے سے آپ نے اسرائیل کے قصور میں اضافہ کر دیا ہے۔ 11 اب رب اپنے باپ دادا کے خدا کے حضور اپنے گناہوں کا اقرار کر کے اُس کی مرضی پوری کریں۔ پڑوسی قوموں اور اپنی پردیسی بیویوں سے الگ ہو جائیں۔“
12 پوری جماعت نے بلند آواز سے جواب دیا، ”آپ ٹھیک کہتے ہیں! لازم ہے کہ ہم آپ کی ہدایت پر عمل کریں۔ 13 لیکن یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں ہے جو ایک یا دو دن میں درست کیا جا سکے۔ کیونکہ ہم بہت لوگ ہیں اور ہم سے سنجیدہ گناہ سرزد ہوا ہے۔ نیز، اِس وقت برسات کا موسم ہے، اور ہم زیادہ دیر تک باہر نہیں ٹھہر سکتے۔ 14 بہتر ہے کہ ہمارے بزرگ پوری جماعت کی نمائندگی کریں۔ پھر جتنے بھی آدمیوں کی غیریہودی بیویاں ہیں وہ ایک مقررہ دن مقامی بزرگوں اور قاضیوں کو ساتھ لے کر یہاں آئیں اور معاملہ درست کریں۔ اور لازم ہے کہ یہ سلسلہ اُس وقت تک جاری رہے جب تک رب کا غضب ٹھنڈا نہ ہو جائے۔“
15 تمام لوگ متفق ہوئے، صرف یونتن بن عساہیل اور یحزیاہ بن تِقوَہ نے فیصلے کی مخالفت کی جبکہ مسُلّام اور سبّتی لاوی اُن کے حق میں تھے۔ 16-17 توبھی اسرائیلیوں نے منصوبے پر عمل کیا۔ عزرا امام نے چند ایک خاندانی سرپرستوں کے نام لے کر اُنہیں یہ ذمہ داری دی کہ جہاں بھی کسی یہودی مرد کی غیریہودی عورت سے شادی ہوئی ہے وہاں وہ پورے معاملے کی تحقیق کریں۔ اُن کا کام دسویں مہینے کے پہلے دن† دسویں مہینے کے پہلے دن: 29 دسمبر۔ شروع ہوا اور پہلے مہینے کے پہلے دن‡ پہلے مہینے کے پہلے دن: 27 مارچ۔ تکمیل تک پہنچا۔
18-19 درجِ ذیل اُن آدمیوں کی فہرست ہے جنہوں نے غیریہودی عورتوں سے شادی کی تھی۔ اُنہوں نے قَسم کھا کر وعدہ کیا کہ ہم اپنی بیویوں سے الگ ہو جائیں گے۔ ساتھ ساتھ ہر ایک نے قصور کی قربانی کے طور پر مینڈھا قربان کیا۔
اماموں میں سے قصوروار:
یشوع بن یو صدق اور اُس کے بھائی معسیاہ، اِلی عزر، یریب اور جِدلیاہ،
20 اِمیّرکے خاندان کا حنانی اور زبدیاہ،
21 حارِم کے خاندان کا معسیاہ، الیاس، سمعیاہ، یحی ایل اور عُزیّاہ،
22 فشحور کے خاندان کا اِلیوعینی، معسیاہ، اسمٰعیل، نتنی ایل، یوزبد اور اِلعاسہ۔
23 لاویوں میں سے قصوروار:
یوزبد، سِمعی، قلایاہ یعنی قلیطا، فتحیاہ، یہوداہ اور اِلی عزر۔
24 گلوکاروں میں سے قصوروار:
اِلیاسب۔
رب کے گھر کے دربانوں میں سے قصوروار:
سلّوم، طِلِم اور اُوری۔
25 باقی قصوروار اسرائیلی:
پرعوس کے خاندان کا رمیاہ، یزیاہ، ملکیاہ، میامین، اِلی عزر، ملکیاہ اور بِنایاہ۔
26 عیلام کے خاندان کا متنیاہ، زکریاہ، یحی ایل، عبدی، یریموت اور الیاس،
27 زتّو کے خاندان کا اِلیوعینی، اِلیاسب، متنیاہ، یریموت، زبد اور عزیزا۔
28 ببی کے خاندان کا یوحنان، حننیاہ، زبی اور عتلی۔
29 بانی کے خاندان کا مسُلّام، ملّوک، عدایاہ، یسوب، سیال اور یریموت۔
30 پخت موآب کے خاندان کا عدنا، کلال، بِنایاہ، معسیاہ، متنیاہ، بضلی ایل، بِنّوئی اور منسّی۔
31 حارِم کے خاندان کا اِلی عزر، یِسیاہ، ملکیاہ، سمعیاہ، شمعون، 32 بن یمین، ملّوک اور سمریاہ۔
33 حاشوم کے خاندان کا متّنی، متتاہ، زبد، اِلی فلط، یریمی، منسّی اور سِمعی۔
34 بانی کے خاندان کا معدی، عمرام، اُوایل، 35 بِنایاہ، بدیاہ، کلوہی، 36 وَنیاہ، مریموت، اِلیاسب، 37 متنیاہ، متّنی اور یعسی۔
38 بِنّوئی کے خاندان کا سِمعی، 39 سلمیاہ، ناتن، عدایاہ، 40 مکندبی، ساسی، ساری، 41 عزرایل، سلمیاہ، سمریاہ، 42 سلّوم، امریاہ اور یوسف۔
43 نبو کے خاندان کا یعی ایل، متِتیاہ، زبد، زبینا، یدّی، یوایل اور بِنایاہ۔
44 اِن تمام آدمیوں کی غیریہودی عورتوں سے شادی ہوئی تھی، اور اُن کے ہاں بچے پیدا ہوئے تھے۔