26
دوسری مردم شماری
وبا کے بعد رب نے موسیٰ اور ہارون کے بیٹے اِلی عزر سے کہا،
”پوری اسرائیلی جماعت کی مردم شماری اُن کے آبائی گھرانوں کے مطابق کرنا۔ اُن تمام مردوں کو گننا جو 20 سال یا اِس سے زائد کے ہیں اور جو جنگ لڑنے کے قابل ہیں۔“
3-4 موسیٰ اور اِلی عزر نے اسرائیلیوں کو بتایا کہ رب نے اُنہیں کیا حکم دیا ہے۔ چنانچہ اُنہوں نے موآب کے میدانی علاقے میں یریحو کے سامنے، لیکن دریائے یردن کے مشرقی کنارے پر مردم شماری کی۔ یہ وہ اسرائیلی آدمی تھے جو مصر سے نکلے تھے۔
5-7 اسرائیل کے پہلوٹھے روبن کے قبیلے کے 43,730 مرد تھے۔ قبیلے کے چار کنبے حنوکی، فلُّوِی، حصرونی اور کرمی روبن کے بیٹوں حنوک، فلّو، حصرون اور کرمی سے نکلے ہوئے تھے۔ روبن کا بیٹا فلّو اِلیاب کا باپ تھا جس کے بیٹے نموایل، داتن اور ابیرام تھے۔
داتن اور ابیرام وہی لوگ تھے جنہیں جماعت نے چنا تھا اور جنہوں نے قورح کے گروہ سمیت موسیٰ اور ہارون سے جھگڑتے ہوئے خود رب سے جھگڑا کیا۔ 10 اُس وقت زمین نے اپنا منہ کھول کر اُنہیں قورح سمیت ہڑپ کر لیا تھا۔ اُس کے 250 ساتھی بھی مر گئے تھے جب آگ نے اُنہیں بھسم کر دیا۔ یوں وہ سب اسرائیل کے لئے عبرت انگیز مثال بن گئے تھے۔ 11 لیکن قورح کی پوری نسل مٹائی نہیں گئی تھی۔
12-14 شمعون کے قبیلے کے 22,200 مرد تھے۔ قبیلے کے پانچ کنبے نموایلی، یمینی، یکینی، زارحی اور ساؤلی شمعون کے بیٹوں نموایل، یمین، یکین، زارح اور ساؤل سے نکلے ہوئے تھے۔
15-18 جد کے قبیلے کے 40,500 مرد تھے۔ قبیلے کے سات کنبے صفونی، حجی، سُونی، اُزنی، عیری، ارودی اور اریلی جد کے بیٹوں صفون، حجی، سُونی، اُزنی، عیری، ارود اور اریلی سے نکلے ہوئے تھے۔
19-22 یہوداہ کے قبیلے کے 76,500 مرد تھے۔ یہوداہ کے دو بیٹے عیر اور اونان مصر آنے سے پہلے کنعان میں مر گئے تھے۔ قبیلے کے تین کنبے سیلانی، فارصی اور زارحی یہوداہ کے بیٹوں سیلہ، فارص اور زارح سے نکلے ہوئے تھے۔
فارص کے دو بیٹوں حصرون اور حمول سے دو کنبے حصرونی اور حمولی نکلے ہوئے تھے۔ 23-25 اِشکار کے قبیلے کے 64,300 مرد تھے۔ قبیلے کے چار کنبے تولعی، فُوّی، یسوبی اور سِمرونی اِشکار کے بیٹوں تولع، فُوّہ، یسوب اور سِمرون سے نکلے ہوئے تھے۔
26-27 زبولون کے قبیلے کے 60,500 مرد تھے۔ قبیلے کے تین کنبے سردی، ایلونی اور یہلی ایلی زبولون کے بیٹوں سرد، ایلون اور یحلئیل سے نکلے ہوئے تھے۔
28 یوسف کے دو بیٹوں منسّی اور افرائیم کے الگ الگ قبیلے بنے۔
29-34 منسّی کے قبیلے کے 52,700 مرد تھے۔ قبیلے کے آٹھ کنبے مکیری، جِلعادی، اِیعزری، خلقی، اسری ایلی، سِکمی، سمیدعی اور حِفری تھے۔ مکیری منسّی کے بیٹے مکیر سے جبکہ جِلعادی مکیر کے بیٹے جِلعاد سے نکلے ہوئے تھے۔ باقی کنبے جِلعاد کے چھ بیٹوں اِیعزر، خلق، اسری ایل، سِکم، سمیدع اور حِفر سے نکلے ہوئے تھے۔
حِفر صِلافِحاد کا باپ تھا۔ صِلافِحاد کا کوئی بیٹا نہیں بلکہ پانچ بیٹیاں محلاہ، نوعاہ، حُجلاہ، مِلکاہ اور تِرضہ تھیں۔
35-37 افرائیم کے قبیلے کے 32,500 مرد تھے۔ قبیلے کے چار کنبے سوتلحی، بکری، تحنی اور عیرانی تھے۔ پہلے تین کنبے افرائیم کے بیٹوں سوتلح، بکر اور تحن سے جبکہ عیرانی سوتلح کے بیٹے عیران سے نکلے ہوئے تھے۔
38-41 بن یمین کے قبیلے کے 45,600 مرد تھے۔ قبیلے کے سات کنبے بالعی، اشبیلی، اخیرامی، سوفامی، حوفامی، اردی اور نعمانی تھے۔ پہلے پانچ کنبے بن یمین کے بیٹوں بالع، اشبیل، اخیرام، سُوفام اور حوفام سے جبکہ اردی اور نعمانی بالع کے بیٹوں سے نکلے ہوئے تھے۔
42-43 دان کے قبیلے کے 64,400 مرد تھے۔ سب دان کے بیٹے سُوحام سے نکلے ہوئے تھے، اِس لئے سوحامی کہلاتے تھے۔
44-47 آشر کے قبیلے کے 53,400 مرد تھے۔ قبیلے کے پانچ کنبے یِمنی، اِسوی، بریعی، حبری اور ملکی ایلی تھے۔ پہلے تین کنبے آشر کے بیٹوں یِمنہ، اِسوی اور بریعہ سے جبکہ باقی بریعہ کے بیٹوں حِبر اور ملکی ایل سے نکلے ہوئے تھے۔ آشر کی ایک بیٹی بنام سِرح بھی تھی۔
48-50 نفتالی کے قبیلے کے 45,400 مرد تھے۔ قبیلے کے چار کنبے یحصی ایلی، جونی، یصری اور سِلیمی نفتالی کے بیٹوں یحصی ایل، جونی، یصر اور سِلیم سے نکلے ہوئے تھے۔
51 اسرائیلی مردوں کی کُل تعداد 6,01,730 تھی۔
52 رب نے موسیٰ سے کہا، 53 ”جب ملکِ کنعان کو تقسیم کیا جائے گا تو زمین اِن کی تعداد کے مطابق دینا ہے۔ 54 بڑے قبیلوں کو چھوٹے کی نسبت زیادہ زمین دی جائے۔ ہر قبیلے کا علاقہ اُس کی تعداد سے مطابقت رکھے۔ 55-56 قرعہ ڈالنے سے فیصلہ کیا جائے کہ ہر قبیلے کو کہاں زمین ملے گی۔ لیکن ہر قبیلے کے علاقے کا رقبہ اِس پر مبنی ہو کہ قبیلے کے کتنے افراد ہیں۔“
57 لاوی کے قبیلے کے تین کنبے جَیرسونی، قِہاتی اور مِراری لاوی کے بیٹوں جَیرسون، قِہات اور مِراری سے نکلے ہوئے تھے۔ 58 اِس کے علاوہ لِبنی، حبرونی، محلی، مُوشی اور قورحی بھی لاوی کے کنبے تھے۔ قِہات عمرام کا باپ تھا۔ 59 عمرام نے لاوی عورت یوکبد سے شادی کی جو مصر میں پیدا ہوئی تھی۔ اُن کے دو بیٹے ہارون اور موسیٰ اور ایک بیٹی مریم پیدا ہوئے۔ 60 ہارون کے بیٹے ندب، ابیہو، اِلی عزر اور اِتمر تھے۔ 61 لیکن ندب اور ابیہو رب کو بخور کی ناجائز قربانی پیش کرنے کے باعث مر گئے۔ 62 لاویوں کے مردوں کی کُل تعداد 23,000 تھی۔ اِن میں وہ سب شامل تھے جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کے تھے۔ اُنہیں دوسرے اسرائیلیوں سے الگ گنا گیا، کیونکہ اُنہیں اسرائیل میں میراث میں زمین نہیں ملنی تھی۔
63 یوں موسیٰ اور اِلی عزر نے موآب کے میدانی علاقے میں یریحو کے سامنے لیکن دریائے یردن کے مشرقی کنارے پر اسرائیلیوں کی مردم شماری کی۔ 64 لوگوں کو گنتے گنتے اُنہیں معلوم ہوا کہ جو لوگ دشتِ صین میں موسیٰ اور ہارون کی پہلی مردم شماری میں گنے گئے تھے وہ سب مر چکے ہیں۔ 65 رب نے کہا تھا کہ وہ سب کے سب ریگستان میں مر جائیں گے، اور ایسا ہی ہوا تھا۔ صرف کالب بن یفُنّہ اور یشوع بن نون زندہ رہے۔