47
اللہ تمام قوموں کا بادشاہ ہے
قورح کی اولاد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔
اے تمام قومو، تالی بجاؤ! خوشی کے نعرے لگا کر اللہ کی مدح سرائی کرو!
کیونکہ رب تعالیٰ پُرجلال ہے، وہ پوری دنیا کا عظیم بادشاہ ہے۔
اُس نے قوموں کو ہمارے تحت کر دیا، اُمّتوں کو ہمارے پاؤں تلے رکھ دیا۔
اُس نے ہمارے لئے ہماری میراث کو چن لیا، اُسی کو جو اُس کے پیارے بندے یعقوب کے لئے فخر کا باعث تھا۔ (سِلاہ)
 
اللہ نے صعود فرمایا تو ساتھ ساتھ خوشی کا نعرہ بلند ہوا، رب بلندی پر چڑھ گیا تو ساتھ ساتھ نرسنگا بجتا رہا۔
مدح سرائی کرو، اللہ کی مدح سرائی کرو! مدح سرائی کرو، ہمارے بادشاہ کی مدح سرائی کرو!
کیونکہ اللہ پوری دنیا کا بادشاہ ہے۔ حکمت کا گیت گا کر اُس کی ستائش کرو۔
اللہ قوموں پر حکومت کرتا ہے، اللہ اپنے مُقدّس تخت پر بیٹھا ہے۔
دیگر قوموں کے شرفا ابراہیم کے خدا کی قوم کے ساتھ جمع ہو گئے ہیں، کیونکہ وہ دنیا کے حکمرانوں کا مالک ہے۔ وہ نہایت ہی سربلند ہے۔